مکرمی !دنیا بھر میں 03 دسمبر کو عالمی سطح پر معذور افراد کا دن اس مناسبت سے منایا جاتا ہے کہ ریاستیں اور رعایا خصوصی افراد پر توجہ مرکوز کر کے ان کی معاشی،اخلاقی وسماجی سطح پر معاونت کرتی ہیں تا کہ وہ زندگی کے آخری سانس تک احساس محرومی کا شکار نہ ہو سکیں جو کوئی مشکل کام نہیں۔تمام جسمانی ،ذہنی معذور افراد کو انصاف صحت کارڈ کے قومی پروگرام میں شامل کر کے انہیں صحت کارڈ دئیے جائیں تاکہ وہ بھی مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہوسکیں۔میٹرو بس سروس ،سپیڈو بس سروس میں معذور افراد کو مفت سفری کارڈ دئیے جائیں۔ لاہور میںایل ٹی سی بس سروس حکومت پنجاب نے معذور افراد کو مفت سفر کی رعایت دے رکھی ہے۔ لہذا اورنج لائن ٹرین،میٹرو،سپیڈو بس سروس میں موجودہ حکومت معذور افراد کو مفت سفر کی سہولت فراہم کرے یہ حکومت کا آئینی ،قانونی،انسانی حقوق پر مبنی فرض ہے۔معذور افراد کو TEVTA کے فنی تربیتی پروگرام میں شامل کیا جائے تا کہ وہ گھر میں بیٹھ کر بھی اپنے اور اپنے خاندان کی کفالت کا بندو بست کر سکیں۔حکومت پاکستان فی الفور تمام یوٹیلٹی سٹورز کو ہدایت جاری کرے کہ معذور افراد کو ان یوٹیلٹی سٹورز پر اشیا خوردو نوش 40 فیصد رعایت پر ملیں گی۔سرکاری و نجی تعلیمی اداروں سکولز، کالجزز، یونیورسٹیوں میں معذور افراد کو فری تعلیم مہیا کی جائے تمام ڈپٹی کمشنرز آفس میں معذور افراد کے لیے فرنٹ ڈیسک قائم کیے جائیں تاکہ معذور آفراد کو مالی امداد میرج گرانٹ اور ان کے لواحقین کو ڈیتھ گرانٹ باآسانی مل سکے۔ ( چوہدری فرحان شوکت ہنجرا لاہور)