لاہور(سپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان اوپنر حیدر علی کی سنچری اورخوشدل شاہ کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت اومان کو147رنزسے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی ٹرافی سے دوقدم دور رہ گیا۔پاکستان کی یہ ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی ہے ۔ پاکستان نے 6وکٹوں کے نقصان پر 319 رنزبنائے ۔ اوپنر حیدر علی نے سنچری سکور کی۔روحیل نذیر اور خوشدل شاہ نے نصف سنچریاں بنائیں۔ ہدف کے تعاقب میں اومان کی پوری ٹیم 172رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خوشدل شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں جاری ایشین کرکٹ کونسل میں کھیلے گئے میچ میں اومان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ عمیر بن یوسف اور حیدر علی پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے پاکستان کو 67 رنز کا آغاز فراہم کیا۔عمیر بن یوسف 33 رنزبناکر آؤٹ ہوئے ، جس کے بعداوپنر حیدر علی اور کپتان روحیل نذیر کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 107رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ حیدر علی نے 118 اور روحیل نذیر 64رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ اوپنر کی اننگز میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے ۔ اختتامی اوورز میں مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ نے دھواں دھار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 24 گیندوں پر5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 54رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے اننگز کی آخری 10 گیندوں پر 40 رنز بنائے ۔ قومی ایمرجنگ ٹیم نے مقررہ اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر319رنز بنائے ۔اومان کی جانب سے فیاض بٹ اور محمد ندیم نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔320 رنز کے تعاقب میں اومان کی بیٹنگ لائن اپ اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی۔ محمد حسنین اور ثمین گل کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت اومان کے ابتدائی 4 بلے باز محض 15 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے ۔پانچویں وکٹ کے لیے محمد ندیم اور سندیپ نے پاکستان ایمرجنگ ٹیم کے باؤلرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ بھی 67 رنز کی شراکت کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے ۔ محمد ندیم 46 اورسندیپ 41 رنزبناکر آؤٹ ہوئے ۔ دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی اومان کی بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 48ویں اوور میں 172 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ خوشدل شاہ نے 27 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ثمین گل، محمد محسن اور محمد حسنین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔