دبئی،برلن،تہران،نیویارک،کولمبو(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)پاکستان کے 22ویں وزیراعظم بننے پر عالمی رہنماؤں کا عمران خان کو مبارکباددینے کا سلسلہ جاری ہے اس سلسلہ میں گزشتہ روز بھی یو اے ای،جرمنی،ایران،عالمی بینک،آذر بائیجان کے رہنماؤں نے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان ، نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم اور ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید النہیان نے بھی مبارکباد پیش کی۔جرمن چانسلرانجیلامرکل نے عمران خان کووزیراعظم بننے پرمبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ جرمنی اورپاکستان کے دوستانہ تعلقات مستقبل میں مزیدگہرے ہونگے ۔ایران کے صدر حسن روحانی نے مبارکباد پیش کرتے ہو ئے کہا کہ عمران خان کا انتخاب بہادر اور عزت مند پاکستانیوں کی امنگوں کی علامت ہے ۔عالمی بینک کے صدر جم یانگ کم نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ ہم پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی اور انسانی وسائل کے شعبہ کی ترقی کے اقدامات کی معاونت کرتے رہیں گے ۔آذربائیجان کے وزیراعظم نوروز محمدوف نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پرمبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہارکیا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔سری لنکا کے ہم منسب رانیل وکرماسنگھے نے ٹیلی فون کر کے وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔