لاہور،اسلام آباد،کراچی( سٹاف رپورٹر ،خبر نگار خصو صی ، آن لائن ،صباح نیوز،ڈسٹرکٹ رپورٹر) مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا نام نہاد ریلیف پیکیج جھوٹ کا پلندہ ہے ،ملک قرض کے بوجھ میں دب چکا ہے ، آئی ایم ایف کی شرائط نے قوم کا بھرکس نکال دیا ۔اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ جب پٹرول مزید مہنگا ہوگا، بجلی گیس کی قیمت بڑھے گی تو مہنگائی کیسے نہیں ہوگی؟۔ حکومت کی کسی بات کو سنجیدہ سمجھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں ، حکومت کی کسی بات پر قوم کو اعتماد نہیں، مہنگائی کا تاریخی ریکارڈ قائم کرنے پر عمران خان کو استعفیٰ دینا چاہیے ۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے جرمن سفیر سے ملاقات کی ،باہمی تعلقات اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حمزہ شہباز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اس وقت معاشی ، سکیورٹی ، خارجہ ، پارلیمانی فورمز کی بے توقیری ، پولرائزیشن اور مشکل صورت حال کے شدید بحران کا سامنا ہے ، اس بدترین صورتحال سے نکلنے کا واحد راستہ تمام سٹیک ہولڈرز کا ایک جگہ مل بیٹھنے اور مکالمہ کرنے میں ہی ہے ۔ لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ سے صرف عمران صاحب کے اے ٹی ایمز ، کارٹلز اور مافیا کو فائدہ پہنچ رہا ہے ، عمران صاحب قوم کی جان چھوڑیں، مہنگائی سے عوام کا گلا نہ گھونٹیں۔ احسن اقبال نے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم کے اعلان کے بعد مارکیٹ سے پٹرول اور ڈیزل غائب ہونا شروع ہوگیا، پٹرول اور ڈیزل کے نرخ بڑھانا ہی تھے تو کم ازکم زبان ہی بند رکھتے ،نالائقوں سے عوام تنگ آ چکے ہیں ۔رانا مشہود احمد خان نے کراچی میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ سندھ کے عوام بھی میاں محمد شہباز شریف جیسے ایڈمنسٹریٹر کے منتظر ہیں، آئندہ انتخابات میں سندھ کے عوام مسلم لیگ(ن) کے ساتھ کھڑے ہونگے ۔