ملتان ، اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، وقائع نگار) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا کہ پاکستانی قوم اور پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں،دہشت گردی کے خلاف عوام اورپاک فوج ایک صف میں کھڑے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کرپٹ حکمرانوں کاانجام قریب ہے ، 30سال سے نوازشریف اور آصف علی زرداری پاکستانی عوام کاپیسہ لوٹ رہے ہیں ایسے سیاستدان عنقریب اپنے انجام کوپہنچنے والے ہیں،وزیراعظم عمران خان پاکستان کی غریب عوام کے لیے دن رات کام کررہے ہیں جس کے ثمرات آئندہ چند برسوں میں خوشحالی اورامن کی صورت میں قوم کو پہنچنا شروع ہوجائیں گے ۔ملتان میں اپنے اعزازمیں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان میں ایک ایسا صاف شفاف نظام چھوڑ کرجائے گی جو ہماری آنے والی نسلوں کے لیے فائدہ مند ہوگا کیونکہ وزیراعظم عمران خان اپنے یااپنی پارٹی کو فائدہ نہیں فراہم کرنا چاہتے بلکہ وہ پوری دنیا میں پاکستان کے وقار کو بلند کرنا چاہتے ہیں۔علاوہ ازیں وزیرخارجہ نے سرکاری ریڈیو کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی پر بھرپور یقین رکھتا ہے اور مذاکرات کے ذریعے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تصفیہ طلب مسائل حل کرنا چاہتا ہے ۔، بھارت کے ساتھ تمام مسائل کے حل کیلئے پاکستان کا رویہ نپا تلا اور بالغ نظری پر مبنی ہے کیونکہ پاکستان خطے میں امن ترقی اور خوشحالی چاہتاہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بار بار کہہ رہا ہے کہ کنٹرول لائن پر جارحیت اور سرحد پار سے فائرنگ سے خطے کے امن کو بری طرح نقصان پہنچ رہا ہے ، اس سے شہری آبادی متاثر ہورہی ہے اور بھارت کو ایسی خلاف ورزیوں سے گریز کرنا چاہیے ۔شاہ محمود قریشی نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کی شہادتوں کے واقعات پر گہری تشویش ظاہر کی انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت ظلم وجبر کی کارروائیاں اور کشمیریوں کی شہادتوں کے واقعات فوری طور پر بند کرے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں انتخابات ہورہے ہیں اور بھارتی قیادت اپنے داخلی معاملات سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پر تنقید کررہی ہے جو غلط سوچ ہے ۔