مکرمی!صوبائی دارالحکومت نے لاہور اور گردو نواح کے علاقوں میں چلنے والی لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی (LTC) کی بسیں تمام روٹس پر بند کر کے عوام کو سفری سہولت سے محروم کردیا گیاہے۔ یہ تبدیلی سرکار حکومت کا ایک اور کارنامہ ہے۔ 400 بسوں کا پہیہ رکنے سے 20 لاکھ شہری سفر کے لیے خوار ہوگئے ہیں۔ لاہور شہرمیں اب صرف 200 سپیڈو بسیں رہ گئی ہیں لیکن یہ میٹرو بس روٹ سے ملحقہ فیڈرروٹس پر اپریشنل ہیں۔دوسری جانب لاہور سے شیخوپورہ ، نارنگ ، مرید کے ، کامونکی ،پتوکی ، قصور، رائے ونڈ تک عوام کے لیے ایل ٹی سی بس کی جو معیاری اور سستی سفری سہولت تھی وہ ختم ہوگئی ہے ، یہ بسیں اب کھڑی کردی گئی ہیں جو کہ بہت جلد ناکارہ اور ڈمپ بن جائیں گی۔ ایک تو عوام سفری سہولت سے محروم ، دوسرا بسیں کھڑی کرنے سے قومی خزانہ کو اربوں روپے کا دوہرا نقصان ، وہ دوہرا نقصان پنجاب کے عوام اور خزانے پر بوجھ بنے گا۔ ریلوے اسٹیشن سے بیدیاں روڈ ، آر اے بازار ، گرین ٹائون ، ٹھوکر سے جلو ، نیازی چوک سے گلبرگ ، گرین ٹائون ، جنرل بس اسٹینڈ سے باگڑیاں چوک ، ویلنشیاٹائون سے ریلوے سٹیشن ، سیکرٹریٹ سے آر اے بازار ، ٹھوکر سے لاری اڈہ جنرل بس سٹینڈ ، لاہو ر سے نارنگ ، شیخوپورہ ، مریدکے ، کامونکے ، پتوکی ، رائے ونڈ اور دیگر مقامات پر بسیں چلنے سے طلبہ و طالبات سرکاری ، نیم سرکاری ، پرائیوٹ ملازمین ، بزرگ ، معذور افراد سفر کی سہولت باعزت حاصل کر رہے تھے۔ (چوہدری فرحان شوکت ہنجرا )