کراچی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ،آن لائن )مولانا فضل الرحمن کے بھائی کو کراچی کے ضلع وسطی کا ڈپٹی کمشنر تعینات کردیا گیا جس پر جس پر تحریک انصاف کے رہنما چراغ پا ہیں۔ مختلف حلقوں کی جانب سے ضیا ء الرحمن کی تعیناتی کی مخالفت پروزیراطلاعات سندھ ناصرشاہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا بھائی ہونا کوئی جرم نہیں،ان کی تعیناتی ایک انتظامی معاملہ ہے ۔ وہ خیبر پختو نخوا میں انتظامی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔حکومت سندھ کی جانب سے ضیا الرحمان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے پرتحریک انصاف سمیت دیگرحلقوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔وزیرامور کشمیر کمیٹی علی امین گنڈا پو ر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی بغیر ٹیسٹ اور میرٹ بھرتی ہوئے ، کس قانون کے تحت انہیں سول سروسز میں لایا گیا۔ جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی کر اچی سعید آفریدی نے کہا کہ تعینات کا مقصد آل پارٹیز کانفرنس کو کامیاب کرنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ضیا الرحمان صوبائی مینجمنٹ سروس کے پی کے کے گریڈ 19 کے افسر ہیں، ضیا الرحمن کی خدمات سندھ حکومت کے حوالے کی گئی تھیں، اُنہیں تاحکم ثانی ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی تعینات کیا گیا ہے ۔انہیں فرحان غنی کی جگہ ڈی سی سینٹرل تعینات کیا گیا ہے ، جبکہ فرحان غنی کا تبادلہ کرکے ایڈیشنل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ تعینات کردیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ضیاالرحمان کاتعلق سروس کے کسی بھی کیڈرسے نہیں ،پرونشل منیجمنٹ سروس میں شمولیت کیلئے ضیاالرحما ن نے ضروری امتحان نہیں دیا۔