منگل بارہ مئی2020کوکابل کے’’دشت برچی‘‘ علاقے میں ایک ہسپتال میں داعش کے مسلح دہشتگردوں کا گھْسنا، خون کی ہولی کھیلنا اور افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے ضلع شیوہ میں ایک جنازے میں خودکش حملے کے بعد امریکی اور بھارتی کاسہ لیسوں نے داعش گروہ کی بجائے ان حملوں کے لئے طالبان کی تحریک کو مورد الزام ٹھہرانے کا منظم ابلاغی پروپیگنڈہ شروع کردیا۔ حالانکہ ان کے خالق،مربی و کفیل امریکہ نے متعدد بار کہا کہ یہ حملے داعش نے کیے۔جبکہ خود طالبان نے دنیا سے ان واقعات کی غیر جانبدارانہ اور وسیع تر تناظر میں تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے بلاشبہ دنیا کے سامنے اس ہولناکی کی حقیقت عیاں ہے۔ مابعد کابل انتظامیہ کے صدر اشرف غنی نے افغان عوام کی ہمدردیاں بٹورنے اور اپنی نام نہاد حب الوطنی باور کرانے کیلئے طالبان کے خلاف فوجی کارروائی کی پَخ چھوڑ دی۔حالانکہ افغان اور دنیا کے منصف اقوام و عوام پر یہ امر پوری طرح مترشح ہے کہ امریکا نے 08اکتوبر 2001ء سے افغانستان پر فوجی تسلط قائم کر رکھا ہے۔ اور کرائے کے ٹٹوؤں پر مشتمل فوج تشکیل دے کر ملک کی آزادی اور خود مختاری کی جدوجہد کرنے والوں کے آگے کھڑی کردی۔ یہ جنگ تو انیس سالوں سے افغان عوام پر مسلط کی گئی ہے۔ نیٹو، امریکی اور کرائے کی افغان فوج اور دوسری فورسز نے کونسا ظلم اور سفاکیت ہے جو اس عرصہ افغان عوام پر نہیں ڈھایا ہے؟۔ ان سالوں میں افغان عوام فضائی، ڈرون اور دوسری عسکری مہم جوئیوں کا نشانہ بنتے آرہے ہیں۔آبادیاں مسمار کی گئیں۔ یہاں تک ہزاروں افغان عوام خواتین اور بچے شہید کر دیئے گئے۔ 29فروری2020ء کو قطر کے دار الحکومت دوحہ میں مذاکرات کے بعد گویا امریکا دنیا کے آگے تسلیم کرچکا ہے کہ ان کی حیثیت افغانستان میں جارح اور قابض کی ہے۔ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے قطر کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر سے آدھے گھنٹے کی ٹیلیفونک گفتگو میں بھی تسلیم کیا کہ طالبان اپنے ملک اور قوم کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ مگر اشرف غنی جیسے چیلے اور وہ جو بزعم خود افغانستان کی دانش اور رہنمائی کے منصبوں پر بیٹھے ہیں،بڑی بے شرمی کے ساتھ آزادی اور حریت کی اس جنگ کو دہشتگردی سے تعبیر کرنے کی کوششوں میں ہیں۔ قابض افواج نے فوجی انخلاء کا وقت دے رکھا ہے اور تسلیم کیا کہ پانچ ہزار طالبان قیدی دس مارچ تک رہا کردیئے جائیں گے۔جس کے فوراً بعدبین الافغان مذاکرات شروع ہوں گے۔ اور رفتہ رفتہ امن عمل اپنے منطقی نتیجے تک پہنچ جائے گا۔ دس مارچ کی تاریخ کب کی گزرچکی ہے اورآقا کی رضا کے برعکس کابل انتظامیہ اس راہ میں روڑے اٹکارہی ہے۔ لیت و لعل کی سیاست پر گامزن ہے حالانکہ طالبان اپنے پانچ ہزار وابستگان کی فہرستیں جملہ کوائف سمیت حوالے کرچکے ہیں۔ اس دوران کابل انتظامیہ بعض ایسے قیدی بھی رہا کرچکی ہے جنہیں طالبان نے اپنا ماننے سے انکار کیا ہے۔افغان طالبان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کابل قیدیوں کی رہائی کی آڑ میں ان افراد کو چھوڑ چکا ہے جن کی وابستگی داعش گروہ سے ہے۔ گویا امروز افغانستان کے اندر امن اور بین الافغان مذاکرات میں تعطل کی وجہ کابل انتظامیہ کی ہٹ دھرمی اور اقتدار سے چمٹے رہنے کی ہوس ہے۔ اشرف غنی کے طالبان کے خلاف بھر پور حملے کی پَخ چھوڑے جانے کو افغانستان کی بعض سیاسی شخصیات نے بھی غیر سنجیدہ عمل کہاہے۔ اشرف غنی اتنے جری ہیں تو وہ کابل انتظامیہ کے دوسرے صدر عبداللہ عبداللہ سے نمٹتے جو الگ صدارت کی کرسی پر براجمان ہیں اور انہیں قانون کی گرفت میں لاتے۔ شنید میں ہے کہ دونوں صدور کے درمیان شراکت اقتدار پر اتفاق رائے عنقریب ہونے والا ہے۔ جس میں عبداللہ عبداللہ اچھا خاصا اور مو ثر حصہ بٹورنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ کسی خیر خواہ نے پوچھا کہ کابل میں ہسپتال پر حملہ کس کی کارروائی ہے؟ میں نے بتایا کہ یہ انہیں میں سے ہیں جنہوں نے افغانستان کے ساتھ پاکستان کے چپہ چپہ اور قریہ قریہ میں بم دھماکے کئے ہیں۔ پاکستان کے عسکری مراکز، پولیس دفاترو سینٹرز، سیاسی اجتماعات، سیاسی کارکن و رہنماء ، مساجد و امام بارگاہوں، خانقاہوں، درگاہوں،گرجا گروں،، ہسپتالوں، عدالتوں اور ہر شخص اور طبقے کو نشانہ بنایا ہے۔ اور یہی لوگ افغانستان میں کابل انتظامیہ کی این ڈی ایس اور بھارت کے جاسوسی ادارے کے فنڈ پر وجود قائم کئے ہوئے ہیں۔ ان جاسوسی مراکز میں یہ منصوبہ بندیاں کرتے ہیں انہیں سبوتاڑ اور مردم کشی کا ٹاسک دیا جاتا ہے۔ اس شراکت کے نتیجے میں کوئٹہ میں افغان طالبان تحریک کے امیر مولوی ہبتہ اللہ اخوندزادہ کے بھائی مولوی حمد اللہ کو جمعہ کی نماز کے دوران بم دھماکا کرکے قتل کردیا۔ اور یہ گروہ کئی مختلف نوعیت کی سفاک کارروائیاں کرچکا ہے۔ مقصد را اور اْس کی رکھیل این ڈی ایس کا افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا ء کا مطالبہ کرنے والی تحریک کو سبوتاڑ کرناہے۔ اس کام کیلئے صحافیوں، ادیبوں اور دانشور وں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ جو قابض افواج اور بھارتی اثر و نفوذ اور غلبہ کی خدمت اورجانبداری پر مامور ہیں۔ غیر ملکیوں اور کابل انتطامیہ کی شان میں قصیدہ گوئی کرتے ہیں،کتابیں لکھوائی جاتی ہیں۔ مختلف نام سے سیاسی تنظیمیں بنائی گئی ہیں جو افغانوں کی مزاحمت کو عوام میں مشتبہ بنانے کے مکروہ پروپیگنڈے کررہی ہیں۔ فی الواقعی اس سارے بندوبست کو بھارتی جاسوسی ادارے کے فنڈز میسر ہیں۔ انکے ذریعے اخبارات، ٹی وی چینلز اسی طرح سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر منفی ابلاغ کیا جاتا ہے۔جو بادی النظر میں داعش وغیرہ جیسے گروہ کی حمایت اور کمک ہے۔ طالبان افغانستان میں داعش کے ٹھکانے ختم کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ مگر انہیں کابل انتظامیہ، ان کے جاسوسی کے ادارے این ڈی ایس اور را کی پناہ حاصل ہے۔ داعش کا افغانستان میں اب کہیں بھی مضبوط گڑھ نہیں رہا ہے۔ حیف کہ داعش کے کارندوں کو کابل میں ’’انٹیلی جنس سروس گیسٹ ہاؤس‘ جیسے مقامات میں محفوظ رکھا گیا ہے۔ مثال کے طور پر گزشتہ ماہ اپریل کے وسط میں داعش خراسان کے سربراہ عبداللہ اورکزئی عرف اسلم فاروقی نے خود کو افغان فورسز کے حوالے کیا اور کابل حکومت نے بڑی بے شرمی سے دعویٰ کیا کہ اس کمانڈر کو آپریشن کے دوران ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ حالانکہ وہ خود ان کے پاس گیا ہے کیونکہ طالبان انکے تعاقب میں تھے۔ جنہوں نے افغانستان کے علاقوں زابل، جوزجان، ننگرہار، کنڑ اور دوسرے مقامات میں داعش کی بیخ کنی کی ہے۔ چنانچہ کنڑ کے علاقے میں عبداللہ اورکزئی طالبان کے ہاتھوں شکست کے بعد کابل انتظامیہ کی پناہ میں چلے گئے۔ اسلم فاروقی نے طالبان سے معاف کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔ مگر طالبان نے اس ظالم اور سفاک شخص کی معافی قبول کرنے سے انکار کردیا۔ اس طرح صوبہ جوزجان کے ضلع ’’دزراب‘‘میں داعش کے خلاف طالبان نے آپریشن کیا۔ ان کے چند لوگ حراست میں لے لئے۔ داعش کے سرکردہ کمانڈروں نے کابل انتظامیہ سے فوراً رابطہ کیا جنہوں نے ہیلی کاپٹر بھیج کر ان کمانڈروں کو طالبان کے ہاتھ لگنے سے محفوظ کرلیا۔ ننگر ہار میں داعش پر حملہ کیا تو ایک مرتبہ پھر کٹھ پتلی فورسز داعش کی مدد کو پہنچ گئیں۔ بات یہ ہے کہ دراصل اشرف غنی اور دوسرے گماشتے امن مذاکرات کامیاب ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے۔ ان گماشتوں نے انیس بیس سالوں میں زبان پر ایک بار بھی افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کی بات ادا نہیں کی۔ ان گماشتوں اور حواریوں نے افغانستان کی آزادی اور خود مختاری کیلئے جدوجہد کرنے والے افغان حریت پسندوں کیلئے مسائل ہی کھڑے کئے ہیں۔ بھارتی جاسوسی ادارے را کی رکھیل این ڈی ایس نے کابل سے لے کر پاکستان کے شہر کوئٹہ اور پشاور تک گماشتے پال رکھے ہیں۔ یقینا آنیوالے دنوں میں ان سامراجی اور بھارتی گماشتوں کا ضرور احتساب و محاسبہ ہوگا۔