کراچی ،لاہور(سپورٹس رپورٹرز) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے لئے فیفا کی نامزدکردہ نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین حمزہ خان نے پہلے اجلاس میں فیصل صالح حیات کے مقرر کردہ سیکریٹری جنرل کرنل (ر) احمد یار خان لودھی کو ان کے عہدے سے فارغ کرکے نارملائزیشن کمیٹی کے رکن اور سابق قومی کپتان کرنل (ر) مجاہد اللہ ترین کو قائم مقام سیکریٹری جنرل بنانے کا اعلان کر دیا۔ حمزہ خان نے کہا کہ انہیں پاکستان فٹبال کو حالیہ بحران سے نکالنے کے لئے سخت فیصلے کرنا ہوں گے ۔گزشتہ روز لاہور میں حمزہ خان کے زیرصدارت پانچ رکنی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں پی ایف ایف کے سیکریٹری جنرل کرنل احمد یار خان لودھی کوان کے عہدے سے ہٹاکرمشکل فیصلوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔کرنل احمد یارلودھی، جوفیصل صالح حیات کے دیرینہ ساتھی تصور کئے جاتے تھے 2003ء میں ان کے ساتھ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اور بعدازاں 2007ء میں بحیثیت سیکریٹری فیڈریشن سے منسلک رہے ۔ فیصل گروپ کے منیر احمد خان سدھانا اور سید حسن نجیب شاہ نے کرنل لودھی کو ہٹانے کے اس فیصلے کی شدید مخالفت کی۔ حمزہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرنل لودھی کو ہٹانے کی تصدیق بھی کی۔نئے سیکریٹری کی نامزدگی کیلئے کمیٹی نے چیئرمین حمزہ خان کو مکمل اختیار دیا جس کی بنیاد پر پی ایف ایف کے سابق سیکریٹری جنرل ریٹائرڈ کرنل مجاہد اللہ ترین، جو نارملائزیشن کمیٹی کے چار ممبران میں سے ایک ہیں، کو قائم مقام سیکریٹری جنرل بنا دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق اشفاق حسین کی زیرقیادت پی ایف ایف نے فیفا کو خط لکھا تھا کہ اگر لودھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے تو وہ نارملائزیشن کمیٹی کو قبول نہیں کریں گے ۔حمزہ خان کا کہنا تھا کہ کرنل لودھی کو کارکردگی کی بنیاد پر نہیں ہٹایا گیا ہے ۔ یہ اقدام پی ایف ایف سیکریٹریٹ میں غیرجانبداری کو یقینی بنانے کیلئے لیا گیا ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ فیفا کے سینئر عہدیدار الیگزینڈر گروس نے بھی کمیٹی کو بریف کیا، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صرف کمیٹی کے چیئرمین میڈیا سے بات کریں گے ۔ الیکژنڈر گروس نے کمیٹی ممبروں کو یہ بھی بتایا کہ کمیٹی کو پی ایف ایف کی ایگزیکٹو کمیٹی کی و تقرری یا ختم کرنے کا مکمل اختیار بھی حاصل ہے ۔ میڈیا کی بار بار کوششوں کے باوجود لودھی نے انہیں ہٹانے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔