بغداد(نیٹ نیوز)امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن نے خبردار کیا ہے کہ عراق میں عین الاسد فوجی اڈے پر راکٹ حملے کے ردعمل میں ان کا ملک اپنے مفادات کے دفاع کیلئے جو ضروری ہوا، کرے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے عراق پر اس راکٹ حملے کی جلد تحقیقات مکمل کرنے پر زوردیا ہے تاکہ اس واقعے کے ذمے داروں کا تعیّن کیا جاسکے ۔وزیردفاع نے کہااگر ہم نے یہ ضروری سمجھا کہ ہمیں کچھ کرنا چاہیے تو ہم اپنی پسند کے وقت کے مطابق اور اپنی منتخب جگہ پر حملہ کریں گے ۔ان کا اشارہ ایران کی جانب تھا۔انہوں نے ایران کو خبردار کیا کہ اس کو خود اپنا نتیجہ اخذ کرنا ہوگا کہ امریکہ کو کب کارروائی کرنی چاہئے ۔عراق کے مغربی صوبہ الانبار میں واقع عین الاسد ائیربیس پر گذشتہ بدھ کی صبح دس راکٹ داغے گئے تھے ۔اس حملے کے دوران میں اتحادی فورسز کے ساتھ کنٹریکٹر کے طور پرکام کرنے والا ایک امریکی شہری دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا تھا۔