لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ شروع ہو گیا،نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری میچ میں تابش خان کی عمدہ بائولنگ کی بدولت پہلے روز سندھ کا پلڑا بھاری رہا۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر سنٹرل پنجاب نے اپنی پہلی اننگز میں 86 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنالیے ہیں۔ سندھ کے فاسٹ بائولرتابش خان نے 44 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔سنٹرل پنجاب کے اوپنر احمد شہزاد 69 اور محمد سعد 51 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے ۔این بی پی سپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز ناردرن کے 165 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب نے پہلی اننگز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 174 رنز بنالیے ہیں۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر شان مسعود 80 جبکہ حسین طلعت 53 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں ۔زاہد محمودنے 4 اور سلمان علی آغا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز بلوچستان نے کھیل کے اختتام پر 89 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنالیے ہیں۔ بسم اﷲ خان 102 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ انہوں نے کاشف بھٹی کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 160 رنز کی شراکت قائم کی۔ کاشف بھٹی 98 رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔کے پی کے جنید خان، عمران خان سینئر اور احمد جمال 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔