لاہور( سپورٹس رپورٹر) کورونا وائرس کے باعث قومی کرکٹرز کے ملتوی ہونے والے فٹنس ٹیسٹ آن لائن لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ قومی ٹیم اور ڈومیسٹک ٹیموں کے کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ 23 اور 24 مارچ کو شیڈول کیے گئے تھے لیکن کورونا وائرس کے باعث کھلاڑیوں کی رواں سیزن کے پانچویں فٹنس ٹیسٹ ملتوی کردیئے گئے تھے تاہم اب ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کی ہدایات کی روشنی میں موجودہ حالات کے پیش نظر نیا پلان تر تیب دیا گیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹرینر یاسر ملک نے نیا پلان ترتیب دیا ہے جس کے مطابق ٹیسٹ اب آن لائن ہوں گے اور اس سلسلے میں تفصیلات تمام کرکٹرز کو بھجوا دی گئی ہیں۔ اس پلان کی ویڈیوز بھی کھلاڑیوں کو بھجوائی جائیں گی تاکہ تمام کرکٹرز اس پلان کے مطابق تیاری کر سکیں۔ پاکستان اور ڈومیسٹک ٹیموں کے کرکٹرزکے فٹنس ٹیسٹ 20 اپریل کو ہوں گے جب کہ ڈومیسٹک ٹیموں کے کرکٹرز کو اپنی اپنی ٹیموں کے ٹرینرز سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔پانچویں فٹنس ٹیسٹنگ کے بعد چھٹی فٹنس ٹیسٹنگ جون میں ہوگی، اس میں جم سکن فولڈ اور ایک کلو میٹر کی رننگ بھی شامل ہو گی۔کوچزاور ٹرینرز کی جانب سے فٹنس پلان پہلے ہی سب کو بجھوایا جاچکا ہے ۔