کراچی (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ امید تھی کہ کراچی ٹیسٹ میں شکست سے بچنے میں کامیاب ہوجائیں گے ، ٹیم ورک کی بدولت میچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہے ۔ لاہور ٹیسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ٹیسٹ کے بعد آن لائن پریس کانفرنس میں کیا۔ بابر اعظم نے کہا کہ میچ کا ڈرا ہوجانا ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ، موقع کی نزاکت کے مطابق وکٹ پر زیادہ سے زیادہ روکنے کی کوشش کی ،عبداللہ شفیق نے غیرمعمولی اننگز کھیلی،محمد رضوان نے بھی شاندار اننگز کھیل کر میچ بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے بولرز نے بہت پریشان کیا،گیند ریورس سوئنگ ہونے کے ساتھ ٹرن بھی ہو رہی تھی ،خوشی ہے کہ دنیا کی بڑی ٹیم پاکستان آئی،پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر بھی خوشی ہے ۔