واشنگٹن ، ٹوکیو(نیٹ نیوز، آن لائن) امریکہ کی پٹسبرگ یونیورسٹی کے ماہرین کی تیار کردہ منفرد ویکسین کا چوہوں پر آزمائش کا پہلا مرحلہ کامیاب ہو گیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ماہرین پرامید ہیں کہ ویکسین کے انسانوں پر آزمائش کے بھی اچھے نتائج آئینگے ۔یہ ویکسین اس لحاظ سے منفرد ہے یہ انجکشن یا دوا کی صورت میں نہیں بلکہ مالش کیلئے استعمال ہونیوالی کریم کی طرح ہے ، مائیکرونیڈرل ایرے نامی ویکسین مریض کی جلد پر لگائی جائیگی جو جذب ہو کر خون کو تقویت فراہم کریگی جس سے مدافعتی نظام مضبوط ہوگا۔ای بائیو میڈیسن میں شائع تحقیق کے مطابق ویکسین نے چوہوں میں کورونا کیخلاف مخصوص اینٹی باڈیز کو اتنی مقدار میں پیدا کیا کہ وہ وائرس کو ناکارہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ۔چینی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے انہوں نے مزاحمت کی مضبوط صلاحیت رکھنے والی ایسی کئی اینٹی باڈیز کی نشاندہی کر لی ہے جو خلیوں میں کورونا کے داخل ہونے کی صلاحیت کو ختم کرنے میں انتہائی موثر ہیں۔ علاوہ ازیں بل گیٹس نے کہا کہ 7بہترین ویکسینز کی تیاری اور انہیں بنانے کیلئے فیکٹریوں کی تعمیر پر اربوں ڈالرز خرچ کرینگے ،اگرچہ ہم آخر میں صرف 2 ویکسین کا انتخاب ہی کرینگے لیکن اس سے ہمارا وقت بچ جائیگا۔جاپانی کمپنی فیوجی کیمیکلز نے دعویٰ کیا کہ کورونا کی ویکسین کا ٹرائل شروع کر دیا ہے ۔