مکرمی !ہیڈ تریموں سے نکلنے والی نہر’’رنگ پور کینال‘‘کی عرصہ دراز سے بھل صفائی نہ ہونے کی وجہ سے یہ تنگ ہوکر رہ گئی ہے یہی وجہ ہے کہ پانی کا بہائو2700کیوسک سے کم ہوکر صرف 1100کیوسک رہ گیا ہے۔اس نہر میں جتنے بھی موگے ہیں ایک تو ان کے سائز بہت چھوٹے ہیں دوسرانہر میں پانی کم ہونے کی وجہ سے ان میں پانی کا دبائو بھی کم ہوتا ہے ۔اگر اس نہر کی بھل صفائی کر دی جائے تو پانی پورا ہونے کی وجہ سے پانی چوری کی نوبت نہیں آئے گی۔نہر کے کنارے جتنے بھی مقامات پر ریسٹ ہائوسز بنائے گئے ہیں ان کے سامنے نہری پانی کو کنٹرول کرنے کے لیے ریگولیٹر ز بھی نہیں بنائے گئے یہی وجہ ہے کہ کسی حادثہ یا دوسری ایمرجنسی کی صورت میں نہر ہیڈ تریموں سے بند کروانا پڑتی ہے۔متعلقہ حکام کی عدم توجہی کے باعث پانی چوروں کو اس ’’بہتی گنگا ‘‘میں ہاتھ دھونے کا موقع مل جاتا ہے ۔متعدد بار اس نہر کا پانی چوری کیا جا چکا ہے جس کی وجہ سے ٹیل کے زمینداروں تک پانی نہیں پہنچ پاتا اور انہیں شدید نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ (اللہ دتہ بھاگت ،موضع گداہ گڑھ مہاراجہ)