برلن (نیٹ نیوز)جرمن صدر فرانک والٹراشٹائن مائر نے کہا کہ مذاہب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا رہا مگر ان میں امن کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی صلاحیت موجود ہے ۔بین الاقوامی کانفرنس 'مذاہب برائے امن‘ کے دوران اپنے افتتاحی خطاب میں جرمن صدر اشٹائن مائر نے کہا، ’’مذہبی اعتقاد زبردست امکانات کے حامل ہو سکتے ہیں۔ ایک قوت جس سے کوئی فرد اپنی پوری زندگی کو جہت دے سکتا ہے مگر مذاہب کا غلط استعمال بھی ہو سکتا ہے ، سیاسی مقاصد اور غیر مذہبی اہداف کے حصول کے لیے مذاہب استعمال بھی کیے جا سکتے ہیں۔ جرمن صدر نے زور دیا کہ بین الاقوامی سطح پر مختلف مذاہب کے درمیان مکالمت مختلف معاشروں میں امن کے قیام کے لیے نہایت مفید ثابت ہو سکتی ہے ۔