لاہور(سپورٹس رپورٹر) کرائسٹ چرچ میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم سکواڈکے مزید دو ارکان کو کورونا مثبت قرار دے یا گیا ہے ۔ ان ارکان کے سیمپل تیسرے کوروناٹیسٹ کے بعد زیر تفتیش تھے جن کے نتائج روکے گئے تھے ۔نیوزی لینڈ ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق یہ دونوں ارکان کورونا ایکٹو نہیں بلکہ کورونا ہسٹری والے ہیں۔ اس طرح ٹیم سکواڈ کے کورونا مثبت نتائج والے ارکان کی مجموعی تعداد دس ہو گئی ہے ۔ دوسری طرف قومی ٹیم کے ارکان کے چوتھے سیمپلزلئے گئے ہیں جن کے نتائج آج سامنے آئیں گے ۔ کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں حالات انگلینڈ کے دورہ سے مختلف ہیں، ہم ابھی تک قرنطینہ میں ہیں اورگراؤنڈ میں پریکٹس کو بہت مس کررہے ہیں،تاہم جب بھی گراؤنڈ میں پریکٹس شروع ہوگی تو یہ سب کچھ پیچھے رہ جائے گا۔ گزشتہ روز بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے پاکستان کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں،پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک اعزاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں ہمیں مختلف صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،کرکٹ گراؤنڈ میں ہم مشکل اور چیلنجنگ صورتحال سے نکلنا ہی تو سیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں پیش آنے ولی صورتحال میں ہماری ٹیم مزید متحد ہوگی ۔