ایڈنبرا،لندن (این این آئی،نیٹ بیوز )سکاٹ لینڈ کے سات گرجا گھروں کے سربراہان نے برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کو خط لکھ کر ان سے اپیل کی ہے کہ پاکستانی مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو سیاسی پناہ دی جائے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سکاٹ لینڈ کے کیتھولک چرچ کی سوسن براؤن اور لیئو کوشلی ان سات بڑے مسیحی گرجاؤں کے سربراہان میں شامل ہیں جنہوں نے یہ کھلاخط لکھا ہے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ آسیہ بی بی اور ان کے خاندان کی جان کو خطرہ ہے ۔چرچ رہنماؤں نے مزید کہا کہ برطانیہ میں رہائش پذیر امید بخش کے خاندان کو بھی سیاسی پناہ دی جائے جبکہ برطانوی اخبار گارجین نے اپنے دفتر خارجہ پر الزام لگایا گیا کہ ان کی سیاسی پناہ گزینوں کے لیے بنائی گئی پالیسی پاکستان میں جاری مظاہروں کے دباؤ میں آگئی۔اخبار نے دعویٰ کیا کہ برطانوی دفتر خارجہ نے ہوم آفس پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں مقیم برطانوی سفارتی عملے کے تحفظ کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے آسیہ بی بی کو سیاسی پناہ نہ دیں۔