اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مصباح الحق محنتی اور ایماندار سپورٹس مین ہے اور ان میں سلیکشن اور کوچنگ کی صلاحیت موجود ہے ۔ مصباح الحق کی تعیناتی مثبت اقدام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سرفراز اچھے کھلاڑی ہیں وہ ڈومیسٹک میں پرفارم کرکے کم بیک کرسکتے ہیں ۔ سرفراز احمد ڈومیسٹک کرکٹ پر توجہ دیں اور پرفارم کرکے واپس آئیں۔ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے طویل عرصے کے بعد ہفتہ اور اتوار کی چھٹی لی ہے ۔ چھٹی کا دن انہوں نے اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ گزارا اور ان کے ساتھ گپ شپ کے دوران سیاست کے ساتھ کرکٹ کے معاملات پر بھی گفتگو کی۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نئے ڈومیسٹک سسٹم سے اچھے کرکٹرز پیدا ہوں گے ، کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا اندازہ ٹی 20 سے نہیں ہوتا بلکہ ون ڈے اور ٹیسٹ سے ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک معیاری فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں ہوگی ہماری کرکٹ باقی دنیا سے پیچھے رہ جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا ڈومیسٹک نظام حقیقی ٹیلنٹ اوپر لائے گا اور نیا نظام ملک کو طویل مدتی کیریئر والے کھلاڑی دے گا۔ تاہم دیگر شعبوں کی طرح کرکٹ میں بھی نئے نظام کو مزاحمت کا سامنا ہے ۔