مصر(نیٹ نیوز) دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں شمار کی جانے والی مصری تہذیب سے ماہرین نے کم سے کم 100 سال بعد پہلی بار بہت بڑی تعداد میں انتہائی اچھی حالت میں 3 ہزار سال پرانے تابوت دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔مصری ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق دریائے نیل کے کنارے واقع شہر اقصر کے قریب الاساسیف نامی علاقے سے 3 ہزار سال پرانے مرد، خواتین و بچوں کے تابوت اصل حالت میں دریافت کیے گئے ہیں۔خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق مصری آثار قدیمہ نے چند دن قبل 30 تابوتوں کو دریافت کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جن سے متعلق حکام نے 20 اکتوبر کو تفصیلات جاری کیں۔مصری وزارت آثار قدیمہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ملنے والے 30 تابوت قدیم مصری تہذیب کے مذہبی پادریوں کے خاندان کے افراد کے ہیں اور اصل حالت میں موجود ہیں،آثار قدیمہ کے وزیر خالد العنانی کے مطابق تابوت مٹی میں دفن تھے ،مصری حکام کے مطابق ا ن تابوتوں کو آئندہ سال کے آغاز تک عجائب گھر منتقل کیا جائے گا۔