نئی دہلی(این این آئی،صباح نیوز)بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے سابق بھارتی مرکزی وزیر منوج سنہا کو غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کا نیالیفٹیننٹ گورنر تعینات کر دیا ہے ۔ منوج سنہا 2014 اور 2019 کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت میں وزیر تھے ۔دوسری طرف بھارتی فوج نے سرینگر میں بھارت نواز رہنمائوں کی کل جماعتی کانفرنس پر پابندی لگا دی ۔ ڈاکٹر فارو ق عبداﷲ کے گھر کو سیل کر دیا اور راستے بند کر دیئے ۔مقبوضہ کشمیر کی بھارتی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ 16 اگست کو تما م درگاہیں، خانقاہیں، مساجد، مندر، گرجا گھر کھول دیئے جائینگے ۔ادھرمقبوضہ جموں کشمیرپولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ کشمیر میں سرگرم عسکریت پسندوں کو ہتھیاروں کی زبردست کمی کا سامنا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستان نے اب عسکریت پسندوں تک ہتھیار پہنچانے کیلئے ڈرون قسم کے یو اے وی کام میں لارہا ہے ۔دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں مسلسل لاک ڈائون اور بھارتی فوج کے مظالم کی وجہ سے ایک لڑکی سمیت تین نوجوانوں میں خودکشی کرلی۔جنوبی کشمیرمیں نامعلوم حملہ آووروں نے بھارتیہ جنتا پارٹی سے وابستہ ایک سرپنچ سجاد احمد کھانڈے کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔