سری نگر(سپورٹس ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں ایک نوجوان کرکٹر گردن پر گیند لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔مقامی پولیس کے مطابق 18 سالہ جہانگیر احمد مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارامولا میں بیٹنگ کررہے تھے کہ گیند ان کی گردن کے نازک حصے پر جالگی حالانکہ انہوں ہیلمٹ بھی پہن رکھا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی جہانگیر کو گیند لگی وہ بے ہوش ہوگئے اور اسپتال پہنچنے پر انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔18سالہ نوجوان انڈر 19ٹورنامنٹ میں اپنے ضلع کی نمائندگی کررہے تھے ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جہانگیر شارٹ پچ گیند کو پل کرنا چاہتے تھے تاہم گیند کو کھیلنے میں ناکام رہے ۔خیال رہے کہ نومبر 2014میں شیفیلڈ شیلڈ کے دوران آسٹریلوی کرکٹر فل ہیوز کی گردن پر گیند لگی تھی جس کے دو روز بعد ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔