سرینگر، نئی دہلی،ممبئی ،جنیوا (نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے کشمیری عوام کیخلاف بربریت کیلئے نئی امریکی ساختہ رائفلز کا استعمال بھی شروع کردیا جبکہ مقبوضہ وادی میں بدھ کو مسلسل 129ویں روز بھی بھارتی فوجی محاصرے کی وجہ سے صورتحال جوں کی توں رہی ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں دفعہ 144کے تحت سخت پابندیاں نافذر ہیں جبکہ انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔ کشمیریوں نے بھارتی میڈیا کے ایس ایم ایس سروس کی جزوی بحالی کے دعویٰ کومضحکہ خیز قرار دیدیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ موبائل فون کمپنیوں کی طرف سے آنے والے پیغامات کی ترسیل بحالی کی اطلاعات ہیں جبکہ صارفین ایک دوسرے کوکوئی پیغام بھیج سکتے نہ وصول کر سکتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کو محاصروں اورتلاشی کارروائیوں کے دوران کشمیریوں کیخلاف استعمال کیلئے امریکہ ساختہ SiG Sauer نام کی نئی رائفلیں ملنا شروع ہو گئی ہیں۔بھارتی فوج نے اپنی سنائپر رائفلز کیلئے ایمونیشن بھی امریکہ سے حاصل کرنا شروع کردیا ۔بھارتی فوج کے اعلیٰ ذرائع نے نئی دہلی میں میڈیا کو بتایاکہ 10ہزار رائفلوں پر مشتمل ایس آئی جی 716 کی پہلی کھیپ بھارت پہنچ چکی ہے جس کوبھارتی فوج کی شمالی کمانڈکے حوالے کیاگیاہے ۔ رائفلیں امریکہ میں تیارکی جائینگی اور ایک سال کے اندر اندرفراہم کی جائینگی۔ادھرجموں وکشمیر سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے جموں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ تنازع کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم کرانے کیلئے کردار ادا کریں۔ ممتاز کشمیری صحافی اور کشمیر ٹائمز کی ایگزیکٹو ایڈیٹر انورادھا بھسین نے بھارتی ریاست کیرالہ میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں میڈیا وینٹی لیٹر پرپڑے مریض کی طرح اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے ۔ دنیا بھر کی500سے زائد خواتین ماہرین نے مقبوضہ کشمیر میں جاری فوجی محاصرے کیخلاف ایک مشترکہ مذمتی بیان پردستخط کئے ہیں جن کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں بہت سے لوگوں کو کسی الزام یا عدالتی کارروائی کے بغیر حراست میں رکھا گیا ہے جبکہ بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد اب بھی لاپتہ ہے ۔ ممبئی میں 25غیر سرکاری تنظیموں اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جنیوا میں’’ دنیا بھر میں انسانی حقوق کی صورتحال‘‘ کے زیرعنوان کانفرنس کے دوران کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے پروگرام ’’2020کمیشن کشمیر‘‘ کاآغاز کردیاگیا۔کانفرنس کی نظامت کے فرائض پروفیسرالفریڈ ڈی زیاس نے انجام دیئے جبکہ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو اور دیگر نے خطاب کیا۔