واشنگٹن(این این آئی)امریکی کانگرس کے رکن سٹیو واٹکنز نے 5 اگست کو بھارتی حکومت کی جانب سے آئین کی دفعہ 370 جس کے تحت جموں وکشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پامال،ہلاکتیں بڑھنے لگی ہیں کرفیو جاری، ذرائع مواصلات پر قدغن ہے ،بچوں سمیت 4ہزار کشمیر ی گرفتار ہیں،سٹیو واٹکنز نے کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار بھارتی نژاد امریکی کانگرس کی خاتون رکن پرامیلا جیاپال کی طرف سے امریکی ایوان نمائندگان میں کشمیر کے بارے میں مذمتی ایک قرارداد پیش کرنے کے چند دن بعد کیا ۔رکن کانگریس سٹیو واٹکنز نے ایوان نمائندگان سے اپنے خطاب میں جموں و کشمیر کے عوام کے لئے جمہوریت اور آزادی کی حمایت کی اور مقبوضہ علاقے میں مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی پامالیوں اورعلاج معالجے کی سہولتوں کی عدم دستیابی کے باعث لوگوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔