سرینگر( آن لائن،این این آئی )مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز بھارتی فوجیوں اور مجاہدین کے درمیان سرینگر میں ایک جھڑپ کے دوران زخمی ہونے والا 12سالہ ساتویں جماعت کا طالبعلم باسم اعجاز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جب باسم کا جنازہ قبرستان شہدا عیدگاہ پہنچا تو پولیس اور نوجوانوں کے مابین جھڑپوں کے بعد شدید ہنگامے پھوٹ پڑے ۔اہلکاروں نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ کی ،اس موقع پر نوجوانوں نے آزادی کے حق اور بھارت سرکار کیخلاف نعرے لگائے ۔ ضلع پلوامہ میں بھی نامعلوم افراد نے فوجی پارٹی پر حملہ کر کے 2بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا،حملے کے بعد بھارتی فوج نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی لی اور 7نوجوانوں کو گرفتار کر لیا جبکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 74نئے مثبت کیسز سامنے آگئے ،اب تک 18افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں ۔