اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے پاکستان کی سالمیت اورجمہوریت پرہونے والے سب سے بڑے حملے کیخلاف عوام باہر نکلیں۔ وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا ملکی خودمختاری اور جمہوریت پر بیرونی طاقتوں نے مقامی سہولت کاروں ہمارے میر جعفروں اور میر صادقوں کیساتھ ملکر حملہ کیا ہے ،عوام ملکی سالمیت ،خودمختاری اورجمہوریت کیلئے اٹھ کھڑے ہوں ۔ ہمیشہ عوام ہی ملک اورجمہوریت کا دفاع کرنے کیلئے سب سے مضبوط محافظ ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم کا سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہنا تھا ہمارا اپنے اوپر سے اعتماد ہی اْٹھ گیا ، مغرب نے ہمیں غلام ذہنیت دیدی ہے ، اب ہماری سوچ ہے جو بھی ترقی ہوتی ہے وہ بس مغربی ممالک ہی کر سکتے ہیں اور ہم اْس چیزکو اپنا لیتے ہیں، ہم خود سے کچھ ایجاد نہیں کر رہے ، اس سوچ کو بدلنے کیلئے ہماری مدد صرف اور صرف تعلیم کر سکتی ہے ، تعلیم ہی ہے جس سے ہم ذہنی اور معاشی طور پر اْن کا مقابلہ کر سکتے ہیں، کیوں نہ ہم اپنی چیزیں ایجاد کریں، پاکستان اپنا راستہ بنائے ، ہم اپنا نیا راستہ ڈھونڈنا چاہتے ہیں، ہم ذہنوں کو آزاد کریں اور یہ سب ممکن ہے سائنس اور ٹیکنالوجی سے ، نالج اکانومی سے جو تعلیم سے حاصل کیا جا سکتا ہے ۔وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ۔ پی ٹی آئی نے 135 سے زائد حلقوں میں امیدوار تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے والے ارکان کو آئندہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹس دینے پر اتفاق کیا گیا ، منحرف ارکان کے حلقوں میں متبادل امیدواروں کیلئے مشاورت شروع کر دی گئی ، آئندہ انتخابات میں انتخابی اتحاد سے متعلق بھی غور کیا گیا ۔ پارلیمانی بورڈ کے بعض ممبران نے انتخابی اتحاد کرنے کی تجویز دی تو بعض نے اتحاد نہ کرنے کا مشورہ دیا ۔ اجلاس میں انتخابی اتحاد سے متعلق فیصلے پر مزید مشاورت پر اتفاق کیا گیا ۔ پی ٹی آئی نے تمام انتخابی حلقوں میں امیدوار نامزد کرنے پربھی اتفاق کیا۔ چیئر مین پی ٹی آئی نے عوامی رابطہ مہم پر بھی مشاورت کی ۔ ذرائع کا کہنا ہے عوامی رابطہ مہم کے دوران چیئرمین عمران خان منحرف ارکان کے حلقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے ۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سردار عبد القیوم نیازی نے آزاد کشمیر کے رمضان پیکیج ، پہلی پناہ گاہ کے قیام سمیت مختلف امور پر بریفنگ دی۔