مکرمی!بھارت مقبوضہ کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ تو قرار دیتا ہے۔ مگر ایک بات تو طے ہے کہ بھارت کبھی بھی کشمیریوں اور ان کے مسائل کو تسلیم نہیں کرتا۔ تمام پاکستانی اس بات سے اچھی طرح واقف ہے کہ بھارت کشمیریوں پر کس طرح ظلم ڈھائے جارہا ہے۔ وہ اس بات سے اچھی طرح واقف ہیں کہ نہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور نہ ہی فوجی طاقت مسئلہ کشمیرکا حل ہے۔ مودی حکومت کی پالیسیوں کے باعث اس وقت بھارت انتہا پسندی اور عالمی تنہائی کا شکار ہو چکا ہے۔ پاکستان واحد ملک ہے جو مستقل طور پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہا ہے اور وہ سفارتی اور عالمی میڈیا کے ذریعے گزشتہ برس 5 اگست سے اب تک دنیا کو ایک واضح پیغام پہنچا رہا ہے کہ کشمیر کبھی بھی بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں تھا۔ وہ دنیا کو یہ باور کروا چکا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن صرف مسئلہ کشمیر کے حل کے ساتھ ہی ممکن ہے، اسلئے ضروری ہے کہ یہ تنازعہ جلد از جلد حل ہو۔ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اس دیرینہ تنازعہ کشمیر حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور اسے کشمیر کے پائیدار حل کیلئے کوششوں کو اولین اہمیت دینی چاہیے، اور اسے مزید الجھانے کی بجائے سلجھانے کی کوشش کرنی چاہیے، بصورت دیگر جنوبی ایشیاء میں ایٹمی جنگ کا خطرہ برقرار رہے گا۔ (شہزاد احمد، ملتان)