واشنگٹن (اے پی پی) امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے مطالبے پر وائٹ ہاؤس کی ایک سینئر اہلکار کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق نائب مشیر قومی سلامتی میرا ریکارڈل کو انتظامیہ میں دوسری جگہ ٹرانسفر کیا گیا ہے ۔ قبل ازیں میلانیا نے کہا تھا کہ ریکارڈل وائٹ ہاؤس میں خدمات انجام دینے کی مستحق نہیں اور انہیں اس عہدے سے الگ کیا جانا چاہئے ۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز کے مطابق ریکارڈل نے وائٹ ہاؤس چھوڑ دیا ہے اور وہ اب انتظامیہ میں کسی دوسرے عہدے پر کام کریں گی۔ سوشل میڈیا پر لوگوں نے سرکاری امور میں مداخلت کرنے پر خاتون اول کو تنقید کا نشانہ بنایا، بعض صارفین نے کہا کہ یہ میلانی ٹرمپ کی جانب سے پہلی مداخلت سامنے آئی ہے جبکہ ہم ان سے بہتر اور سنجیدہ رویے کی توقع رکھتے تھے ۔