لندن (نیٹ نیوز) میگھن مارکل نے 3 ماہ سے اپنے والد تھامس سے بات چیت نہیں کی تاہم اب لاس اینجلس کے اپنے دورے کے دوران اپنے والد سے ملاقات کرکے مفاہمت کرنے کا سنہری موقع ملے گا ، اپنے اس دورہ کے دوران وہ والد تھامس سے صرف 150 میل دور ہونگی، تاہم دوسری جانب ان کے والد نے اس بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا کہ ان کی بیٹی اپنی ماں سے ملنے کیلئے آتے ہوئے ان سے بھی ملے گی یا نہیں۔ 37 سالہ میگھن اپنی ماں ڈوریا راگلینڈ سے ملنے کیلئے جائینگی ان کے 74 سالہ والد سرحد پار میکسیکو میں ان سے صرف 150 میل دور ہونگے ، دونوں باپ بیٹی نے مئی 19 کو میگھن کی برطانوی شہزادہ ہیری سے شادی کے وقت سے بات چیت نہیں کی ہے ، ان کے والد کی جانب سے تصاویر کا سکینڈل سامنے آنے پر دونوں میں گفتگو ختم ہوئی تھی۔ شاہی ذرائع نے بتایا گزشتہ کچھ ہفتے میگھن کیلئے تناؤ کا باعث رہے اور کوئی بھی اس صورتحال کو مزید جاری رکھنا نہیں چاہتا، امید ہے میگھن اپنے والد سے معاملہ درست کرنے کا کوئی راستہ تلاش کرسکیں گی، شاہی ذرائع کے مطابق میگھن کے والد کسی بھی وقت عوامی بیان دے کر اپنی مصالحت کے موقع کو خطرہ میں ڈال سکتے ہیں۔