لاہور(سپیشل رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں ڈکیتی و چوری کی متعدد وارداتوں کے دوران ڈاکووں اور چوروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی ،زیورات ،کاریں اور موٹر سائیکلوں سمیت دیگر قیمتی سامان سے محروم کردیا۔پرانی انارکلی کے علاقہ سے ڈکیت گینگ 3 وکلا حضرات عامر، رانا ریحان اور بصالت سے موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے ، شاد باغ کے علاقہ میں 4 مسلح ڈکیت گینگ دوکان کا شٹر توڑ کر دوکان سے لاکھوں روپے کا سامان لوٹ کر فرار ہوگئے ، ڈیفنس کے علاقے میں تنویر کے گھر 3 مسلح ڈاکو گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 5 لاکھ روپے مالیت کی نقدی،زیورات اور موبائل لے گئے ۔جوہر ٹاون میں مسلح ڈاکو متین احمد کے گھر میں گھس کر 3لاکھ 60 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ۔جبکہ شالیمار میں مسلح ڈاکو سرمد سے 2 لاکھ روپے مالیت کی نقدی و زیورات ،گلشن راوی میں ڈاکووں نے الماس سے 1 لاکھ 65 ہزار روپے مالیت کی نقدی اور موبائل فون ۔کوٹ لکھپت میں ڈاکوؤں نے آصف سے 1لاکھ 10 ہزار روپے مالیت کی نقدی ۔مزنگ میں ڈاکوؤں نے عزیز الرحمان سے 1لاکھ 75 ہزار روپے مالیت کی نقدی و موبائل ، قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں ڈاکوؤں نے نعمان سے 65 ہزار روپے مالیت کی نقدی و موبائل ،داتا دربار میں حمید سے 34ہزار 8 سو روپے مالیت کی نقدی و موبائل لوٹ لیے گئے ۔برکی میں نواز ، شادمان، شاہدرہ ٹائون سے گاڑیاں جبکہ ماڈل ٹائون ،لیاقت آباد ، غازی آباد ،سمن آباد اور ، بھاٹی گیٹ سے موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔