مکرمی! احاطہ برکت علی شاہ ایمپریس روڈ لاہور کے علاقے میں بہت سے مسائل حل طلب ہیں لیکن میرے خیال میں سب سے سنگین ترین مسئلہ پانی کی فراہمی کا ناقص نظام ہے۔ علاقے میں ایک ٹیوب ویل ہے جس سے اہل علاقہ کو پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔اس ٹیوب ویل کے پائپ بوسیدہ اور گندے ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کو بدبو دا راور زنگ آلود پانی ملتا ہے،جو مضرصحت ہے۔اس گندے پانی کی وجہ سے وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ پینتیس چالیس سال پرانی پائپ لائنوں کو تبدیل کیا جائے تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر آئے اور وہ بیماریوں کا شکار نہ ہوں۔ وزیر اعلیٰ ، گورنر اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل ہے کہ وہ ہمارے علاقے میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس کے لیے خاطر خواہ اقدامات کریں بصورت دیگر اہل علاقہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ ( فہد خان ، لاہور)