لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر کے سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن میاں عبدالزاق ،فیروز پور روڈ انڈسٹریل آرگنائزیشن (فروو)کے چیئرمین ملک شاہد محموداور سابق چیئرمین ملک محمد ریاض نے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کے سلسلے میں انڈسٹریز کو بند کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ یہ مسئلہ زمینی حقائق کے عین مطابق افہام و تفہیم سے حل کروائے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی صنعتیں پانی اس قدر کثیر تعداد میں استعمال ہی نہیں کرتیں کہ اسے زیر زمین پھینکنے کی ضرورت پڑے جبکہ متعدد صنعتیں ایسی ہیں جو پانی استعمال کرنے کے بعد صنعتی یونٹس سے ملحقہ زمین کو سیرابی کیلئے مہیا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو یونٹس زہریلا پانی زیر زمین پھینک رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی میں کوئی حرج نہیں لیکن تمام انڈسٹری کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکنا درست نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب اس قدر مہنگی ہے کہ صنعتیں اپنے وسائل سے اسے نصب کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتیں۔