پشاور،چارسدہ،کوٹ چٹھہ(92نیوز ،نامہ نگار) قتل کا بدلہ لینے کیلئے ورثا نے ملزم کو زندہ جلا دیا، گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے علاقے پلہ ڈھیری میں معمولی تکرار پرفائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق واقعے کے بعد مقتول کے اہلخانہ نے شدید احتجاج کیا اور ملزم کے گھر کو آگ لگادی جس سے ملزم زندہ ہلاک ہوگیا اور اس کی والدہ بھی جھلس گئی۔ دریں اثنائوزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔دوسری جانب کوٹ چٹھہ کے نواحی علاقہ تھانہ جھوک اترا کی حدود غوث آباد میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے اپنی بیوی کو قتل کردیا۔ ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ شمشاد بی بی شوہر سے ناراض ہوکر اپنے میکے چلی آئی تھی اور عدالت میں طلاق لینے کا دعویٰ دائر کر رکھا تھا جس کی رنجش پر شوہر امان اللہ نے اپنے سسرال کے گھر آکر بیوی کو قتل کر دیا۔ مقتولہ کے بھائی کی مدعت میں تھانہ جھوک اترا میں مقدمہ درج کر لیا گیا تاہم ملزم گرفتار نہ ہوسکا۔