ریاض (نیٹ نیوز)سعودی اداکارہ مرام عبدالعزیز نے تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتیں نئی ادویات کی آزمائش چوہوں اور بندروں پر کرنے کے بجائے سکیورٹی کیلئے خطرہ قراردیئے گئے جیل کے قیدیوں پر کریں۔اداکارہ کی جانب سے حکومتوں کو متنازعہ تجویز دیے جانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس پر انہوں نے مذکورہ تجویز والی ٹویٹ بھی ڈیلیٹ کردی اور بعد ازاں انہوں نے اس حوالے سے وضاحتی ٹویٹ بھی کی جس میں کہا ہے کہ نئی دوا کے تجربات کیلئے طبی ماہرین کو صحت مند جسم درکار ہوتا ہے ، اس لئے مرنے کے بعد اپنے تمام اعضا عطیہ کردوں گی تاکہ ان سے فائدہ حاصل کیا جا سکے ۔گلف نیوز کے مطابق مرام عبد العزیز نے ٹویٹ میں کسی خاص ملک کو یہ تجویز پیش نہیں کی البتہ ان کی عربی میں کی جانے والی ٹویٹ سے اندازہ لگایا گیا کہ انہوں نے اپنے ہی ملک سعودی عرب کی حکومت کو تجویز دی کہ وہ ان کے مشورے پر عمل کر سکتی ہے ۔مرام عبدالعزیز نے اپنی تجویز میں بھی کہا کہ اگر میرے پاس اختیار ہوتا تو جانوروں کے بجائے قیدیوں پر دوا کے تجربات کرنے کا حکم دیتی،ایسے تجربات کی کوئی گارنٹی نہ بھی ہوتی۔