مکرمی !انتہائی اہم اور غور طلب مسائل میں سے ایک نئی نسل کی ذہنی تربیت ہے۔آج کل کے مشکل وقت میں اس کی ضرورت اشد ہے۔ ٹیکنالوجی اور علم کے حوالے سے دنیا نت نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور دوسری طرف معاشرے میں پس پردہ اور کھلے عام بھی مغربی ایجنڈے کے تحت ایسی غلاظتیں گھولی جارہی ہیں جس کے بعد والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے اور ایک تلخ حقیقت ہے کہ اس ذمہ داری کو بخوبی ہرگز نہیں نبھایا جا رہا۔ چھوٹے بچوں کے ہاتھ میں موبائل وقت کی ضرورت ہے کیونکہ آج کل کورونا کے باعث کلاسسز بھی تو آن لائن ہیں مگر ہم ایک بات بھول جاتے ہیں کہ ہمارے بچے آدھے گھنٹے کی کلاس کو کتنی توجہ دے رہے ہیں یا وہ آدھے گھنٹے کے بعد موبائل پر کیا سرچ کر رہے ہیں دوسری طرف سکولوں میں بھی یہی حال ہے میرے ذاتی تجربے کے مطابق سکولوں میں مہنگا ترین نصاب لگا کر بچوں کو صرف انگلش ریڈنگ کروا دی جاتی ہے اور باخدا بچے یہ بھی نہیں جانتے کہ جو پیراگراف انہوں نے پڑھا ہے اس کا مطلب کیا ہے۔یہ تکلیف دہ ہے۔ اس کے برعکس اگر وہی کہانی بچوں کو ترجمہ کے ساتھ اور سمجھا کر پڑھائی جائے تو ان میں دلچسپی پیدا ہو بات سیدھی اور صاف ہے بچے سیکھنا چاہتے ہیں اپنے خالی پن کو بھرنا چاہتے ہیں لیکن اگر ہم انہیں درست علم فراہم نہیں کریں گے تو وہ اسے کسی بھی طرح کے میسر مواد سے بھریں گے جو کہ خطرناک ہے۔(ارم عیات ،منڈی بہاؤالدین)