لاہور، اسلام آباد،فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ( اپنے نیوز رپورٹر سے ،سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) نیب نے چودھری برادران کیخلاف غیرقانونی پلاٹس کی تحقیقات بند کرنے کی سفارش کردی،ذرائع کے مطابق نیب نے تحقیقات بند کرنے کیلئے ریفرنس احتساب عدالت میں فائل کردیاہے ، بتایا گیا ہے کہ چودھری برادران کیخلاف ایل ڈی اے سٹی میں پلاٹس خریدنے کا کیس چل رہا تھا جس میں چودھری پرویز الٰہی کیخلاف ایل ڈی اے سٹی میں 28 پلاٹس فروخت کرنے کی انکوائری چل رہی تھی،اسی دوران چودھری شجاعت سے بھی ان 28 پلاٹس سے متعلق تحقیقات کی گئیں،نیب حکام کوتحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ یہ پلاٹس چودھری برادران کے ملازم نے خریدے ہیں۔مرزااسلم بیگ نے چودھری برادران کے گھر کا ایڈریس استعمال کیا، نیب حکام کے مطابق چودھری شجاعت اور چودھری پرویز الٰہی کیخلاف انکوائری کے دوران کوئی دستاویزی یا زبانی شواہد نہیں ملے ۔ نیب نے سورس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے تحقیقات بند کر دیں ہیں۔ علاوہ ازیں نیب نے امریکہ میں سابق پاکستانی سفیرعلی جہانگیرصدیقی کے خلاف کیس کی انکوائری مکمل کرلی،ذرائع کے مطابق نیب نے علی جہانگیر صدیقی کیخلاف انکوائری مکمل کرکے تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا،نیب ذرائع کے مطابق نیب کے پاس علی جہانگیر صدیقی کے کاروباری شراکت کے شواہد ہیں، عدم تعاون پر سابق سفیرکے وارنٹ بھی جاری کئے جا سکتے ہیں،علی جہانگیر کے خلاف چیئرمین نیب سے تحقیقات کی جلد منظوری لی جائے گی۔ نیب ذرائع کے مطابق علی جہانگیر صدیقی پر آشیابہ اقبال کیس میں گرفتار فواد حسن فواد سے مل کر اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں۔ نیب لاہور کے پاس علی جہانگیر صدیق کے فواد حسن فواد اور ان کے اہل خانہ سے کاروباری شراکت کے شواہد موجود ہیں۔ دریں اثنا نیب ٹیم نے ایم این ایم کمپنی فراڈ کیس کے ملزم جاوید کے گھر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گائوں 287ج ب میں چھاپہ مارا۔ملزم کے گھر سے 5کلو سونا،26لاکھ نقدی اور دوگاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں۔ملزم کے گھر سے برآمد ہونے والی نقد رقم نیب ٹیم کیلئے گننا مشکل ہوگیا جس پر مشین کا استعمال کرنا پڑااور مشین سے نوٹوں کی گنتی کی گئی۔ذرائع کے مطابق ملزم جاوید نمبر دار نے نقدی اور سونا گھر کی دیواروں اور چھت میں چھپا رکھا تھا۔