کابل(رائٹرز،اے ایف پی،این این آئی، صباح نیوز)چینی وزیر خارجہ وانگ ژی افغانستان میں طالبان حکومت کے بعد پہلی بار غیرعلانیہ دورے پر اچانک افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے ۔جہاں ان کا وزیر خارجہ امیر خان متقی نے ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔چینی وزیرخارجہ نے کابل میں ڈپٹی وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر اور وزیرخارجہ امیر متقی کیساتھ ملاقاتیں کیں۔ وانگ ژی نے کہا کہ امید ہے کہ افغانستان غیرملکی قوتوں کو ہمسایوں کیخلاف اپنی زمین استعمال کرنے سے باز رکھنے کا وعدہ پورا کرے گا۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق وانگ ژی نے کہا کہ چین بیلٹ اینڈ روڈ میں افغانستان کی شمولیت کا خیرمقدم کرے گا اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو افغانستان تک توسیع دینے کے خواہاں ہیں جو بعد میں علاقائی روابط کیلئے ایک پل کا کردار ادا کرے ۔عبدالغنی برادر نے کہا کہ اسلامی امارت چین کیساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے ۔چینی وزیر خارجہ وانگ ژی افغانستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد نئی دہلی پہنچ گئے ۔ علاوہ ازیں روس کے خصوصی نمائندی ضمیرکابلوف نے وفد کی سربراہی کرتے ہوئے عبدالغنی برادر اور وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور تعلقات بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ کابلوف نے کہا کہ امارت اسلامیہ کی پالیسی متوازن ہے۔