کراچی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) وزیر اعظم عمران خان نے رمضان المبارک میں مساجد کھولنے کیلئے علما ء کرام سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت اورعلما کے مابین کورونا وائرس حفاظتی تدابیرکے تحت مساجد کھولنے سے متعلق 20 نکاتی معاہدے کے بعد سندھ کے علما کا مشاورتی اجلاس آج گورنرہاؤس کراچی میں ہوگا جس میں مفتی منیب الرحمٰن ، مفتی تقی عثمانی ، علامہ شہنشاہ حسین نقوی اور مختلف مکاتب فکرکے دیگر علما کی شرکت کرینگے ۔گورنرسندھ عمران اسماعیل کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم بذریعہ ویڈیولنک شریک ہونگے اورعلماء کرام سے خطاب کرینگے ۔اجلاس میں مساجد کھولنے اور حفاظتی طریقہ کار پر عملدرآمد اور دیگر امورپرمشاورت ہوگی ۔