مری ،اسلام آباد(نمائندہ 92 نیوز، سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن) وزیراعظم عمران خان عید کی چھٹیاں گزارنے کیلئے اپنے اہلخانہ کے ہمراہ نتھیا گلی پہنچ گئے ۔ذرا ئع کے مطابق گزشتہ روزوزیر اعظم عمران خان پہلے اسلام آباد سے بذریعہ ہیلی کاپٹر نتھیا گلی پہنچے لیکن موسم کی خرابی اور شدید دھند کے باعث انکا ہیلی کاپٹر وہاں لینڈ نہ کر سکا اور واپس اسلام آباد چلا گیا جہاں سے وزیر اعظم دوبارہ بذریعہ سڑک(مری اسلام آباد ایکسپریس وے ) مری سے ہوتے ہوئے باڑیاں کے راستے 8 گاڑیوں کے قافلے میں فیملی کے ہمراہ کے پی کے ہائوس نتھیا گلی پہنچ گئے ۔وہ تین روز تک پر فضا مقام نتھیا گلی میں قیام کرینگے اور فیملی کے ہمراہ عید منائیں گے اورخوبصورت ٹھنڈے موسم سے لطف اندوز ہونگے جبکہ عید کی نماز بھی نتھیاگلی میں ہی ادا کرینگے ۔ عمران خان عید الاضحیٰ منانے کے بعد اتوار کو اسلام آباد واپس آئینگے ۔