اسلام آباد، پشاور (سپیشل رپورٹر، خبرنگار، 92 نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے آئندہ الیکشن میں کسی قسم کی سفارش یا رشوت ستانی برداشت نہیں ہوگی۔وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز ملاقات کی اور بلدیاتی انتخابات میں ناکامیوں کی وجوہات بتائیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، علی امین گنڈاپور و دیگر بھی ملاقات میں شریک تھے ۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا بلدیاتی انتخابات بدانتظامی کی وجہ سے ہارے ، اپنی ہی پارٹی کے ارکان ایک دوسرے کیخلاف الیکشن لڑے ، ٹکٹوں کی تقسیم، روایتی سیاست اور موروثی مسائل بھی شکست کی وجہ بنی۔ امیدواروں کا بہترین چناؤ نہ ہونے سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں نے نامزد امیدواروں سے اختلاف رکھا اوربلدیاتی الیکشن میں پارٹی منظم نظرنہیں آئی۔وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات میں ناکامی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اورکہا خیبرپختونخوا ہماری بیس لائن ہے ، یہاں اندرونی نالائقیوں کے سبب ہم ہارگئے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آئندہ مرحلے میں خود امیدواروں کے چناؤ کا فیصلہ کرلیا اور وزیراعلیٰ کو پی ٹی آئی کارکنوں کو منظم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم کا کہنا تھا ہمیں پہلے مرحلے کے نتائج سے سبق سیکھنا ہو گا، پارٹی کے اندرونی اختلافات کا فائدہ مخالفین کو ہوا۔وزیر اعظم نے بلدیاتی انتخابات میں شکست کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کیلئے مزید مشاورت کیلئے کور کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے بلدیاتی انتخابات کے اگلے مرحلے کیلئے حکمت عملی کور کمیٹی کے اجلاس میں زیر بحث آئے گی۔ وزیراعظم نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہماری 74سال کی تاریخ میں پہلی باربااختیاربلدیاتی نظام ملا ہے ،خیبرپختونخوابلدیاتی الیکشن پر شور شرابہ کیا جارہا ہے ،کسی کو احساس نہیں یہ انتخابات جدید اور تبدیل شدہ نظام کی شروعات ہیں، ایسا نظام کامیاب جمہوریت میں ہوتا ہے ، براہ راست منتخب تحصیل ناظمین گورننس کو بہتر بنائیں گے ، ایسے نظام سے مستقبل کے لیڈر تیار ہوں گے ۔وزیراعظم نے اسلام آباد میں4 نئی کثیرالمنزلہ ماڈل پناہ گاہوں کی تعمیرکاسنگ بنیادرکھ دیا، نئی پناہ گاہیں ترلائی،ترنول،جی 9اور منڈی موڑ میں تعمیرکی جائیں گی، وزیراعظم نے متعلقہ محکموں کو پناہ گاہوں کیلئے احساس خدمات فراہم کرنیکی ہدایت کردی،وزیراعظم نے ملٹی سٹوری پناہ گاہوں کی تعمیر کے حتمی پلان کا بھی سنگ بنیاد رکھا،نئے تعمیراتی ماڈل کے تحت انفراسٹرکچر اور سہولیات کا معیار مزید بہتر بنایا جائے گا ۔ ملک میں خریف کی فصلوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے وزیراعظم نے کہا حکومت کاشتکاری کے شعبہ میں بہتر تکنیک اپنا کر فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے ، بیجوں اور کھادوں کے بہتر معیار کی پیداوار کیلئے تحقیق و ترقی میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام فصلوں کی پیداوار کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔وزیراعظم سے ناروے کے سفیر البرٹ الساس نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ امور اور اقتصادی تعلقات پربات چیت کی گئی ،ناروے کے سفیرنے اوآئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پرمبارکباد دی،سفیرنے ناروے کے وزیراعظم کی طرف سے نیک خواہشات پہنچائیں،وزیراعظم نے ناروے کے ہم منصب کودورہ پاکستان کی دعوت دی۔دریں اثناء خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست کی وجوہات پررپورٹ تیار کر لی گئی ۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پی ٹی آئی کی شکست کی بنیادی وجہ مہنگائی کے علاوہ بڑے اندرونی اختلافات تھے ، بعض ارکان اسمبلی کی جانب سے تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کو سپورٹ نہیں کیا گیا، رپورٹ کے مطابق الیکشن بدانتظامی کی وجہ سے ہارے ،ٹکٹوں کی تقسیم بھی ٹھیک نہیں تھی،اپنی پارٹی کے لوگ ایک دوسرے کیخلاف الیکشن لڑتے رہے ،بہترین امیدوار وں کا چنائو نہ ہونا بھی شکست کی وجہ بنا۔ ٹکٹ اراکین اسمبلی کے رشتے داروں اور منظورنظر افراد کو دیے گئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے مخالف امیدواروں کو سپورٹ کرنے پر دو ارکان قومی اسمبلی اور چار ارکان صوبائی اسمبلی کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل نے ایک بیان میں کہاہے وزیر اعظم کو خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے باقاعدہ رپورٹ پیش کرنے کی خبروں کی تردید کی جاتی ہے ۔