لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے اپنی پابندی کے خاتمہ کے معاملہ میں پی سی بی کے خلاف پریس کانفرنس کرنے کا ارادہ ملتوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے وکلا سے مشاورت کر رہا ہوں، پی سی بی سے دوبارہ رابطہ کرنے یا عدالتی چارہ جوئی کرنے سمیت دونوں آپشن موجود ہیں، چند روز میں حکمت عملی کا اعلان کروں گا۔ سابق کرکٹر کاکہنا ہے کہ ان کے ساتھ مسلسل زیادتی کی جا رہی ہے ۔ وہ قانونی طور پر بری ہو چکے ہیں لہذا ان پر اب کرکٹ سرگرمیوں کے سلسلہ میں کوئی پابندی نہیں ۔ سلیم ملک نے کہا کہ معاملہ حل کرنے کے لئے اپنے وکلا سے تفصیلی مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ ہائی کورٹ کے سینئر وکلا سے مشاورت کر رہے ہیں تاکہ اب وہ پی سی بی کے خلاف کوئی تھوس قدم اٹھاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی میں بعض سفارشی لوگ عرصہ دراز سے قابض ہیں اور وہ کرکٹ کے معاملات سلجھانے کی بجائے الجھانے میں لگے رہتے ہیں۔