لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمت کا اعلان کردیا ہے پی سی بی اعلامیہ کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کل سے کیا جارہا ہے ۔ صارفین آن لائن ٹکٹ خرید سکتے ہیں جبکہ ٹی سی ایس مراکز پر ٹکٹوں کا اجراء 21 ستمبر سے شروع ہوگا۔ ایک روزہ سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمت 500سے 3000 روپے تک مقرر کی گئی ہے ۔لاہور میں شیڈول ٹی ٹونٹی میچوں کیلئے ٹکٹوں کے نرخ کم رکھے گئے ہیں۔مختلف اکلوژرز کیلئے ٹکٹوں کی قیمت500 سے 5000 روپے تک مقرر کی گئی ہے۔شائقین کرکٹ ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 5 ٹکٹیں خرید سکتے ہیں۔ انضمام الحق، نذرز، قائد، امتیاز احمد، ظہیرعباس، حنیف محمد، ماجد خان، عبدالقادر، سعید احمداور سرفراز نواز اکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 500 جبکہ عبدالحفیظ کاردار، راجاز، جاوید میانداد اور سعید انور انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 1500 روپے مقرر کی گئی ہے ۔عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 3000جبکہ وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 5000 روپے مقرر کی گئی ہے ۔