اسلام آباد( نیٹ نیوز) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا ہے وہ وقت دور نہیں جب پاکستان دنیا بھر میں باعث فخر بنے گا، کوشش ہے قیام پاکستان کے مقاصد حاصل ہوں، انتہائی کم مالی وسائل کے باوجود پاکستان نے کورونا وبا پر قابو پایا۔کورونا میں تیزی کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے خدمات انجام دینے والوں کیلئے تعریفی اسناد تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کورونا کے عروج میں شہادت پانے والے عظیم انسان تھے ، اسلامی فلاحی ریاست کا قیام حکومت کی ترجیح ہے ، ترقی پذیر ممالک میں تو کورونا وبا کے عروج پر سٹورز تک بھی لوٹے گئے جبکہ بڑے ممالک میں علاج کی سہولتیں بھی کم رہیں، اللہ کا شکر ہے کہ غربت کے باوجود کورونا وبا میں ہم نے قوم کی ہرممکن خدمت کی جبکہ دنیا کی پیش گوئی تھی کہ پاکستان میں تقریباً 80 ہزار لوگ کورونا سے مریں گے مگر اللہ پاک نے خاص کرم کیا۔ احساس پروگرام سے مستحقین میں اربوں روپے تقسیم کئے گئے ، کوررونا بحران کے باعث پاکستان میں ایک چھوٹی سی دکان بھی نہیں لوٹی گئی، وزیر اعظم کے وژن سے کورونا پر قابو پایا، آج پوری دنیا پاکستان کی تعریف کر رہی ہے ۔