نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک) بھارتی لیجنڈ کرکٹر سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میں نہ کھیلنے سے نقصان صرف بھارت کا ہی ہوگا۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی چینل پر انٹرویو دیتے ہوئے سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ اگر میں آج بھارتی ٹیم میں ہوتا تو ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف میچ لازمی کھیلتا۔ میرا کھیلنے کا مقصد خالی میچ کھیلنا نہیں بلکہ میچ میں حریف ٹیم کو شکست دے کر اسے ان 2 پوائنٹس سے محروم کرنا ہے جو اسے بغیر کھیلے ملیں گے ۔بھارت کے نہ کھیلنے کی وجہ سے پاکستان کو اہم 2 پوائنٹس مل جائیں گے جس سے نقصان صرف بھارت کا ہوگا اور پاکستان کی ممکنہ طور پر سیمی فائنل اور پھر فائنل تک رسائی ممکن ہوجائے گی۔دوسری جانب سنیل گواسکر اپنے حکومت کے فیصلے کے حامی بھی نظر آئے اور کہا کہ اگر بھارتی حکومت پاکستان کے خلاف انگلینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کا میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کرے گی تو وہ اس کا ساتھ دیں گے ۔ پاکستان کا نقصان عالمی مقابلوں میں بھارت سے نہ کھیلنے سے نہیں بلکہ دوطرفہ سیریز کے نہ کھیلنے سے ہوتا ہے ۔خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے قافلے پر ہونے والے حملے کے بعد سابق بھارتی کھلاڑی ہربھجن سنگھ نے بھارتی ٹیم کے ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کی مخالفت کی تھی اور بورڈ سے یہ میچ نہ کھیلنے کا مطالبہ کیا تھا۔