لندن(نیٹ نیوز) برطانوی فوج کے ریٹائرڈ میجر جنرل جوناتھن ڈیوڈ شا نے کہا ہے پاکستان میں سکیورٹی اور امن بحال ہو چکا جس کا سہرا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے ۔بین الاقومی جریدی سپیکٹیٹر میں لکھے گئے آرٹیکل میں انہوں نے کہا2009 اور 2010 کے دوران میں نے پاکستان کا کئی باردورہ کیا، اس وقت پاکستان کو کئی بحرانوں کا سامنا تھا، پاکستان افغان بحران کے باعث آنے والے 27لاکھ افغان مہاجرین کو سنبھال رہا تھا، آرمی پبلک سکول پشاور پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد صورتحال میں تبدیلی آئی، دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے مثبت نتائج نکلے ، میں نے درہ خیبر کا بھی دورہ کیا ، افغان سرحد پر 833 کلومیٹر طویل باڑ اور 700حفاظتی قلعے بن چکے ہیں، جلد ہی سرحد پر سی سی ٹی وی اور سینسر آلات نصب ہو جائیں گے ،برطانوی شاہی جوڑے کے دورے میں نظر آیا کہ پاکستان میں اندرونی سکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہو چکی ہے ۔تحریک طالبان پاکستان اور حقانی نیٹ ورک کے خلاف مزید کارروائیاں کی جارہی ہیں ، ان تمام اقدامات کے پیچھے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی انتھک محنت چھپی ہے ۔ جنرل باجوہ نے معاشرے کو اپنے اعتدال پسند رویے سے بہتر بنایا،وہ پاکستان کی ترقی اور سکیورٹی کی سوچ رکھتے ہیں،دنیا کو پاکستان کی کاوشوں کا احترام کرنا چاہیے ، وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو ڈومور کہنے کے بجائے اس کی مدد کی اور اسے عزت کی نگاہ سے دیکھاجائے ۔