برمنگھم (سپورٹس ڈیسک ) انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں 3وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر دیا ۔ انگلش کپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنائے جس میں کپتان بابر اعظم نے 158 رنز شامل تھے ۔ محمد رضوان نے 74 جبکہ امام الحق نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی طرف سے برایڈن کاریس نے 5 جبکہ ثاقب محمود نے 3 وکٹیں حاصل کیں ۔ جواب میں انگلش ٹیم نے ہدف 7وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا جس میں جیمز وینس 102 اور لیوس گریگوری نے 77 رنز کی اننگز کھیلی ۔ پاکستان کی طرف سے حارث رئوف نے سب سے زیادہ 4وکٹیں حاصل کیں۔ جیمز وینس کو میچ وننگ سنچری پر مین آ ف دی میچ قرار دیا گیا۔انگلش فاسٹ بائولر ثاقب محمود مین آف دی سیریز قرار پائے ۔ دوسری طرف پاکستانی کپتان نے 158 رنز بنا کرچار ریکارڈ اپنے نام کر لئے ۔ انہوں نے بطور کپتان 158 رنز بنائے جو ون ڈے میں کسی بھی پاکستانی کی سب سے بڑی اننگز ہے انہوں نے شعیب ملک کو پیچھے چھوڑا جنہوںنے 2008 ء میں بھارت کیخلاف 125 رنز بنائے تھے ۔ بابر اعظم 38 سال بعد انگلینڈ میں سنچری سکور کرنیوالے پہلے کپتان بھی بنے بابر سے قبل 1983ء میں عمران خان نے اپنی کپتانی میں سنچری سکور کی تھی ۔ دوسری طرف پاکستانی کپتان نے تیز ترین 14 سنچریاں مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ۔ انہوں نے یہ سنگ میل اپنی 81 ویں اننگز میں حاصل کیا جبکہ اس سے قبل تیز ترین 14 سنچریوں کا ریکارڈ میگ لیننگ کے پاس تھا جنہوںنے 82 اننگز میں سنچریاں سکور کیں تھیں ۔ بابر اعظم انگلینڈ میں 1000رنز اور 3 سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بھی بنے ، اس سے قبل محمد یوسف انگلش سرزمین پر 935 رنز بنا چکے ہیں۔