لاہور(جوادآراعوان)پنجاب میں کورونا ہاٹ سپاٹ ایریاز کو لاک ڈائون کرنے کی تجویز جبکہ وائرس کے سٹرانگ کلسٹر ایریاز کو سیل کرنے کی تجویز دیدی گئی۔پنجاب حکومت کے اعلی عہدیدران نے روزنامہ 92نیوز کو بتایا کہ یہ تجاویز صوبے میں کورونافیلڈ سرویز کی روشنی میں دی گئی ہیں ،سرویز نے ملک کے سب سے بڑے صوبے کو کورونا ’’ریڈ الرٹ کیٹیگری‘‘ میں ڈال دیا ہے ۔انہوں نے بتایا ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے پاکستان بشمول پنجاب میں کورونا کی خطرناک صورتحال سے متعلق انتباہ نے بھی صوبائی حکومت کے پالیسی ساز وں میں خطرے کی گھنٹیاں بجائی ہیں، فیلڈ سرویز کے مطابق کورونا ہاٹ سپاٹ ایریاز میں وسطی پنجاب پہلے نمبر پر ہے جسکے بعد شمالی اور جنوبی پنجاب کا نمبر آتا ہے جبکہ سٹرانگ کلسٹر ایریاز میں بھی وسطی پنجاب سب سے آگے ہے جسکے بعد شمالی اور جنوبی پنجاب کا نمبر آتا ہے ۔انہوں نے بتایا ایک دوسری تجویز کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مشورے کے مطابق مکمل لاک ڈائون بھی کیا جا سکتا ہے ۔ وائرس سے براہ راست نبردآزما ڈاکٹرکمیونٹی بھی لاک ڈائون کی تجویز کچھ عرصے سے دے رہی ہے ،لاک دائون میں مرحلہ وار نرمی لانے سے کورونا پاپولیشن میں چار گنا اضافہ ہوا جبکہ اسکے نمبرز کئی گنا زیادہ ہو سکتے ہیں اگر کورونا ٹیسٹ کی استعداد بڑھا دی جائے ۔وزیراعلی کی صدارت میں کورونا سے متعلق آج خصوصی اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔