اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے بہترین طریقے سے امن وامان کی صورتحال کو کنٹرول کیا، دھرنے سے نمٹنے میں کامیاب نہ ہوتے تو چین سے فوری واپس آنا پڑتا، جس طرح دھرنے سے ہم نمٹے ہیں اس طرح کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا، حکومت ہم اپوزیشن کو ساتھ لے کر پارلیمنٹ کو چلانا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن ایوان کا ماحول خراب کرنا چاہتی ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے ایوان میں ماحول کومواقف رکھنے کے لئے تحریک انصاف کے اراکین کو اسمبلی میں خطاب سے پہلے پارٹی کے مرکزی رہنما وزیر دفاع پرویز خٹک سے منظوری لینے کی ہدایت کردی ۔جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں انہوں نے اپنے حالیہ دورہ چائنہ کے حوالے سے آگاہ کیا،ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں احتجاج اور دھرنے کے بعد کی صورت حال پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مذہبی جماعتوں کے دھرنے میں پیسے دے کر لوگوں کو لایا گیا اور اگر دھرنا ختم نہ ہوتا تو حکومتیں ختم ہو سکتی تھیں،انہوں نے کہاکہ چین اور سعودی عرب کا دورہ کامیاب رہا، دونوں دوست ممالک ہماری مدد کر رہے ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ دورہ چین سے پاکستان کی اقتصادی مشکلات پر قابوپانے میں مدد ملے گی اور ہمسایہ ملک چین کے تعاون سے ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس میں چین کی جانب سے امدادی رقم سے متعلق سوالات پر جواب سے معذرت کر تے ہوئے کہاکہ چین نے پاکستان کی تاریخی مدد کی ہے ، چین کتنی مدد دے رہا ہے ظاہر نہیں کر سکتے ، دراصل چین نے پاکستان کو نقد مالی مدد کا اعلان کرنے سے روک دیا کیونکہ اس سے چین کے دیگر پارٹنرز تحفظات کا اظہار کر سکتے ہیں۔ ہمیں حکومت میں آ کر حیران کن گھپلوں کا معلوم ہوا میڈیا رپورٹس میں آنے والی کرپشن کم لگتی ہے ،کرپشن پر آٹے میں نمک کے برابر لوگوں کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے ابھی بڑی مچھلیاں باقی ہیں۔اجلاس میں ایک موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی اراکین کو ہدایت کی کہ ایوان میں منظم ہو کر چلیں، اپوزیشن کی ہر بات کا جواب دینا ضروری نہیں ہوتا،دو ماہ تک ایوان میں نہیں آ سکتا چیلنجز کا سامنا ہے لیکن دو ماہ بعد ایوان میں تواتر سے آیا کروں گا۔ادھر وزیراعظم عمران خان سے سندھ سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی غوث بخش مہر نے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی اورامن وامان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا ۔یوم اقبال کے موقع پر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار اورسوچ نے اُمید کے چراغ روشن کیے ، آج کے دن تمام اہل وطن شاعرمشرق کوبھرپورخراج عقیدت پیش کررہے ہیں،علامہ اقبال نے مسلمانانِ برصغیرکوایسے وقت راستہ دکھایاجب وہ منزل کاسراغ کھوچکے تھے ۔