سانتیاگو(صباح نیوز) چلی کے دارالحکومت سانتیاگو میں پرتشدد مظاہروں کے بعد کرفیو میں توسیع کردی ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چلی کی حکام نے مہنگائی اور معاشرتی عدم مساوات کے خلاف شہریوں کے پرتشدد مظاہروں کے بعد دارالحکومت سانتیاگو میں عائد رات کے کرفیو میں توسیع کر دی۔فوج کے سربراہ جنرل جاوئیر اتوریاگا نے کرفیو کے دوران لوگوں کو پرامن اور گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ ادھر جاری ہنگاموں میں مرنے والوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے ۔ ملک میں بڑھتی ہوئی طبقاتی خلیج اور مہنگائی کی خلاف یہ ہنگامے حکومت کی طرف سے میٹرو کے کرایوں میں اضافے کے بعد شروع ہوئے ۔ تازہ پر تشدد واقعات دارالحکومت سانتیاگو میں پیش آئے جب مظاہرین نے لوٹ مار کے بعدکپڑوں کی ایک فیکٹری میں آگ لگا دی۔ حکومت نے دارالحکومت میں پہلے سے ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے ، جسے اب ملک کے دیگر بڑے شہروں تک وسعت دی جا رہی ہے ۔