نئی دہلی، لاہور (نیٹ نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) چین کی جانب سے انسان کو نظروں سے اوجھل کر دینے والے کپڑے کی تیاری کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بھارتی میڈیا بوکھلا گیا اور اس نے چین کیخلاف پراپیگنڈہ کرنا شروع کر دیا ہے کہ چین اس کپڑے سے اپنے فوجیوں کا لباس بنائے گا جسے پہن کر فوجی کسی کو نظر نہیں آئیں گے ۔مذکورہ ویڈیو میں ایک آدمی ایسی چادر کی نمائش کرتا ہے جسے اوڑھ کر انسان دوسروں کی نظروں سے اوجھل ہو جاتا ہے ۔ تاحال اس ویڈیو کے مصدقہ ہونے کا پتا نہیں چل سکا لیکن اس پر خبریں دینے کی وجہ سے بھارتی اینکرز خود مذاق بن کر رہ گئے ہیں۔ بھارتی اینکرز گلا پھاڑ پھاڑ کر بتا رہے ہیں کہ چین ہماری سلامتی کیخلاف گہری چال چل رہا ہے ، چینی فوجی اس کپڑے سے تیار کردہ لباس پہن کر ہمارے ملک میں گھس آئیں گے اور ہمیں پتا بھی نہیں چلے گا۔ سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی میڈیا پر کاٹ دار طنز کیا، ایک صارف نے اپنی ٹویٹ میں معروف فلمی ڈائیلاگ لکھا ’’اب تیرا کیا ہو گا کالیا!‘‘، دیگر صارفین نے بھی بھارتی اینکرز کا خوب تمسخر اڑایا۔